کراچی فوج کے حوالے کرنے کا مطالبہ
کراچی چیمبر آف کامرس نے پورے شہر کو حساس قرار دے کر فوج تعینات کرنے کا مطالبہ کردیا۔ شہر کے مخصوص حصوں میں آپریشن سے اگرچہ صورت حال بہت بہتر ہوئی ہے مگر امن بحال نہیں ہوا۔ تاجر برادری ابھی تک خوف کے سائے میں جی رہی ہے۔ رینجرز کے اختیارات محدود ہیں اور پولیس کو وسائل کی کمی کا سامنا ہے۔ اس لیے کراچی کے تاجروں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت شہر بھر میں فوج تعینات کرے۔


ایک قرضے کا سامنا
ابھی بجٹ کی باز گشت ختم نہیں ہوئی کہ دیگر مسائل نے سر اٹھانا شروع کردیا ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کہتے ہیں کہ بجٹ خسارہ پورا کرنے کے لیے قرضہ لینا ضرور ی ہے۔ لوڈشیڈنگ کے خاتمے سمیت حکومت بے شمار ترقیاتی منصوبے شروع کرچکی ہے۔ ان تمام کے اخراجات قرض لیے بغیر پورے نہیں ہوسکتے۔

پاکستانی آم امریکی مارکیٹ میں
پاکستانی آم دنیا بھر میں مقبول ہے۔ مگر اس مقبول ترین آم کو امریکا کا گرین کارڈ پہلی بار ملا ہے۔ جی ہاں! پہلی بار امریکا میں تجارتی بنیادوں پر آم بھیجا جاسکتا ہے۔ ماہرین کہتے ہیں کہ رواں سال 140ٹن آم فضائی راستے سے ایکسپورٹ کیا جائے گا۔

دنیا بھر میں پاکستانی پنکھے
پاکستانی پنکھے اب دنیا بھر میں بھیجے جارہے ہیں۔ براعظم یورپ کے بعد اب امریکا اور افریقہ میں بھی پاکستانی پنکھوں کی مانگ بڑھ رہی ہے۔ رواں سال صرف پنکھوں کی برآمدات بڑھ کر 5کروڑ ڈالر تک پہنچنے والی ہے۔ پاکستانی پنکھوں کی سب سے بڑی خصوصیت ان کا پائیدار اور سستا ہونا ہے۔

بھارتی ہٹ دھرمی
وزیر اعظم کی بے شمار کوششوں کے باوجود بھارتی تعصب میں کمی نہیں آئی۔ بھارت نے سیاسی اور انتظامی پابندیاں عائد کرکے پاکستانی مصنوعات کے لیے دروازے بند کررکھے ہیں۔ رواں سال پاکستان کی بھارت میں جانے والی مصنوعات کی فروخت صرف 40کروڑ ڈالر تک ہی محدود رہی۔