سوال گذشتہ سال سے آپ کی کمپنی کا کوئی بڑا پروجیکٹ شروع نہیں ہوا، کیا وجوہات ہیں؟ جواب جیسا کہ آپ کو معلوم ہے کہ گذشتہ کئی سال سے لبنان حالات کی کشیدگی اور سیاسی اضطرابات سے گزر رہا ہے۔ ایسے حالات میں کوئی کمپنی اپنا بیلنس برقرار نہیں رکھ سکتی۔ پلاٹوں کی قیمتیں آئے روز بدلنے کی وجہ سے لوگوں میں خریدنے کی رغبت کم ہو جاتی ہے۔ جس کا اثر براہ راست کمپنی پر پڑتا ہے، اس لیے بڑے پروجیکٹس روک دیے جاتے ہیں۔ دوسرا بڑا مسئلہ امن عامہ کا ہے۔ جب امن نہیں ہوتا تو کام کرنے میں بڑی مشکلات ہوتی ہیں۔


سوال


ہم کاروبار محض نفع اور تجارت کی غرض سے نہیں کرتے بلکہ عوام کی خدمت ہماری اولین ترجیح ہوتی ہے۔ مکانوں اور فلیٹس کی فراہمی میں غریب لوگوں کے لیے مزید آفرز رکھی گئی ہیں۔ جس سے حاجت مند لوگ فائدہ اٹھا سکتے ہیں

کہا جاتا ہے آپ کی کمپنی بڑے ہوٹلوں کی تعمیر کے علاوہ اب دوسرے پروجیکٹس میں بھی رغبت رکھتی ہے؟
جواب
جی ہاں! ہم اپنے ملک میں مختلف چھوٹے چھوٹے پروجیکٹس پر بھی کام کر رہے ہیں۔ ہماری ترجیحات میں صحت کے ادارے، پانی و بجلی، کھیلوں کے میدان اور سڑکیں ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ فسادات کی وجہ سے ہمارا وطن اپنا حسن کھو چکا ہے۔ اس کے حسن کو واپس لانے کے لیے ہمیں ہر ممکن کوشش کرنی ہے۔ ہمارے یہ پروجیکٹس ابھی تک ابتدائی مراحل میں ہیں، ان شاء اللہ ہم اس میدان میں آگے بڑھ رہے ہیں اور بہت جلد یہ مراحل طے کر لیں گے۔ ان پروجیکٹس پر ایک خطیر رقم صرف ہو رہی ہے۔ جس کے حصول میں کچھ مشکلیں ہیں۔

سوال
آپ کے خیال میں میں کنسٹرکشن کے شعبے کو درپیش رکاوٹیں کس طرح ختم ہو سکتی ہیں؟

جواب
ہماری حکومت کو انجینئرز کی جانوں کا تحفظ یقینی بنانا ہوگا۔ جب کوئی خوف اور بد امنی جیسی نفسیاتی کیفیت کا شکار ہوتا ہے تو وہ کوئی کام نہیں کر سکتا۔ ہمارے ہاں ایسے حالات کی وجہ سے یہ شعبہ دن بہ دن تنزلی کی جانب گامزن ہے۔ دوسرا یہ کہ حکومت کو قانون سازی کرنی چاہیے۔ ایسی کمپنیوں کے ساتھ معاہدے کرے جو ملک میں ایسے بڑے پروجیکٹس پر کام کریں جن سے ملکی معیشت مستحکم ہو۔ سیاحوں کی دلچسپی کے لیے ایسے اقدامات کرنے چاہییں جن سے وہ ہمارے ملک کا رخ کریں۔ کاریگروں کی تنخواہوں میں اضافہ، مزدوروں کی دیہاڑی میں اضافہ جیسے عوامل بھی نظر انداز نہیں کیے جا سکتے۔

سوال
اپنے دو مشہور پروجیکٹس آپ کی کمپنی کے نام ہیں، ان کی کیا تفصیل ہے؟

جواب
Phoenix Tower اور Luxury Hills پر کام ہو رہا ہے۔ یہ دونوں پروجیکٹس بڑے مہنگے ہیں۔ پہلا ٹاور 10 منزلوں پر مشتمل ہے اور کئی خصوصیات رکھتا ہے۔ 2015ء کے آخر تک اس کی تکمیل متوقع ہے۔ جبکہ دوسری بلڈنگ 4 منزلوں پر مشتمل ہے۔ بیروت میں اس جیسی خوبصورت عمارتیں کم ہی ہیں۔ ہم نے ان دونوں پروجیکٹس کے لیے بڑی محنت اور جفاکشی کے ساتھ کام کیا ہے۔ لوگوں کی سہولیات کے خیال ساتھ ساتھ ماحولیاتی آلودگی سے بچاؤ اور ہر طرح سے پُرسکون کمرے بنائے ہیں۔ ان کی تکمیل کے بعد مزید تفصیلات سامنے آ سکیں گی۔

سوال
آپ آسان اقساط پر فلیٹس اور مکانوں کی تعمیر کا کام بھی کرتے ہیں، عوام اسے کس نگاہ سے دیکھتے ہیں؟

جواب
الحمد للہ! ہماری ترجیحات میں عوام کی خدمت ہے۔ ہماری کمپنی ہر ایسے کام میں حصہ ڈالنا اپنے لیے سعادت سمجھتی ہے جس میں عوام کا نفع ہو۔ اس حوالے سے ہمارا عوام سے گہرا رابطہ رہتا ہے۔ ہم کاروبار محض نفع اور تجارت کی غرض سے نہیں کرتے بلکہ عوام کی خدمت ہماری اولین ترجیح ہوتی ہے۔ مکانوں اور فلیٹس کی فراہمی میں غریب لوگوں کے لیے مزید آفرز رکھی گئی ہیں۔ جس سے حاجت مند لوگ فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ حکومت اور عوام دونوں ہماری ان خدمات کا اعتراف کرتے ہیں۔

سوال
لوگوں میں عام خیال پایا جاتا ہے کہ جو نقشوں میں ہوتا ہے، حقیقت اس سے قدرے مختلف ہوتی ہے، جس کی وجہ سے لوگ خریداری سے گھبراتے ہیں، آپ کی کمپنی نے اس مشکل کے حل کے لیے کیا اقدامات کیے ہیں؟

جواب
ہماری تاریخ گواہ ہے کہ لوگوں کے ساتھ دھوکہ دہی کا کبھی نہیں سوچا، بلکہ ہمیشہ عوام کو اعتماد میں رکھنے کی کوشش کی۔ ہم پروجیکٹس شروع کرنے سے قبل عوام اور خریداروں کو مکمل اعتماد میںلیتے ہیں۔ ہم اپنے خیالات عوام سامنے حقیقت میں تبدیل کر کے دکھاتے ہیں۔ ہمارے ڈائریکٹران ہمیشہ اس فکر میں رہتے ہیں: ’’جو کہا جائے، وہ کیا بھی جائے۔‘‘ اسی بنیاد پر ہماری فلیٹس اور مکانات بہت جلدی بِک جاتے ہیں۔

سوال
آپ تجارت میں طویل تجربہ رکھتے ہیں، گذشتہ سال کی کساد بازاری میں آپ بڑے مستحکم رہے، عوام اور تاجروں کو کیا پیغام دیں گے؟

جواب
جی ہاں! گذشتہ سال کی کساد بازاری سے کوئی شعبہ ایسا نہ تھا جو متاثر نہ ہوا ہو۔ ہم بھی بڑی حد تک اس سے متاثر ہوئے۔ ملکوں میں ایسے بڑے سطح کے عوامل پر کنٹرول درحقیقت حکومتوں کا کام ہوتا ہے، کوئی ادارہ یا کمپنی ان پر قابو نہیں پا سکتی۔ ہم اس نے دورانیے میں اپنے تمام کاموں کو کچھ عرصہ کے لیے موقوف کر دیا تھا۔ تاکہ حالات اور معیشت بہتر ہونے کی صورت میں اچھے اور بہتر انداز میں کام کیا جا سکے۔ متبادل کے طور پر چند ایسے شعبوں میں سرمایہ کاری کی جن میں زیادہ نقصان کا خدشہ نہ تھا۔ اس سے وقت بھی گزر گیا اور ہم کافی مستحکم بھی رہے۔

تاجروں کو یہ پیغام دوں گا کہ ملکی حالات ہمیشہ ایک جیسے نہیں رہتے، آپ اپنے مقصد پر نظر رکھیں آگے تو ایسے حالات آپ کو متاثر نہیں کر سکیں گے۔ ہم ایسے کئی مشکل حالات سے گزرے ہیں۔ ہمیں جب ایک طرف حالات کی وجہ سے مشکل پیش آتی تو دوسرے شعبوں میں سرمایہ کاری کا سوچتے۔ یوں ہماری کمپنی کا پہیہ کبھی نہیں رکا۔ دوسری بات یہ کہ مشکل حالات میں گھبرانے کے بجائے ان کا مقابلہ کرنا چاہیے، اگر آپ ہاتھ جوڑ کر بیٹھ جائیں گے تو وقت نہیں رہے گا بلکہ وہ اپنی رفتار سے گزرتا رہے گا۔ ایسے حالات کا مقابلہ کرنے میں ہی نجات ہے۔