حلال فاؤنڈیشن ایک رفاہی یعنی نان پرافٹ میکنگ ادارہ ہے، جس کا صدر دفتر کراچی میں اور ذیلی دفاتر ملک کے دیگر بڑے شہروں میں واقع ہیں۔ یہ مفتیان کرام کی نگرانی اور فوڈ سائنٹسٹس کے تعاون سے کام کرنے والا واحد ادارہ ہے، جس کے نمائندے پاکستان کے تمام صوبوں میں موجود ہیں۔ حلال فاؤنڈیشن حلال معیارات بنانے والے سرکاری ادارے ((P.S.Q.C.A یعنی پاکستان سٹینڈرڈ اینڈکوالٹی کنٹرول اتھارٹی سے رابطے میں ہے۔ حلال فاؤنڈیشن نے مفتیان ِ کرام پر مشتمل ایک ایساآزاد نگران شریعہ بورڈ بھی تشکیل دیا ہے، جس کی سربراہی شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب دامت برکاتہم فرمارہے ہیں۔


حلال آگہی مہم سے متعلق ایک اور کاوش
الحمدللہ! حلال فاؤنڈیشن کا ٹریننگ ڈیپارٹمنٹ ابتدا ہی سے اس بات کے لیے کوشاں ہے کہ ’’حلال آگہی‘‘ کا شعور زندگی کے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے افرادمیں بیدار کیا جائے۔ اس عظیم مقصد کے پیش نظرراقم سمیت حلال فاؤنڈیشن شریعہ ڈیپارٹمنٹ کے پانچ علمائے کرام نے 25 روزہ ملک بھر کا دورہ کیا اور مختلف پبلک مقامات بشمول مساجد، مدارس، خانقاہ، اسکول، کالج، یونیورسٹیز اور بار کونسلز میں حلال آگہی سیمینارز منعقد کروائے۔

حلال فاؤنڈیشن کو بحمدللہ یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ ملک کے طول وعرض میں قائم یونیورسٹیوں کے طلبہ وطالبات کے لیے اہم موضوعات پر خصوصی سرٹیفکیٹ کورس کا انعقاد بھی وقتاً فوقتاً کرواتا رہتا ہے۔ اس سلسلے کو ان شاء اللہ مزید وسعت دی جارہی ہے۔

اسی سلسلے کی ایک کڑی کراچی یونیورسٹی کے فوڈ سائنس ڈیپارٹمنٹ کے طلبہ وطالبات سمیت مشہور فوڈ انڈسٹریز سے تعلق رکھنے والے تقریباً 66شرکائے کرام کوحلال فاؤنڈیشن نے ـ’’حلال لیڈ آڈیٹر کورس‘‘ کروایا۔ کورس میں شرکت کرنے والی انڈسٹریز، کورس کا دورانیہ اور کورس میں شامل مضامین کی ضروری تفصیلات درج ذیل ہیں :

کورس میں شریک مشہور فوڈ انڈسٹریز
ینگز فوڈ (Young's food)، حب سالٹ (Hub-pak Salt Refinery) اور باربی کیو ٹو نائٹ (Bar-B-QTonigh)کے علاوہ دیگر انڈسٹری کے افراد نے بھی شرکت کی۔
کورس میں شامل مضامین
٭تعارف حلال فاؤنڈیشن اور کارکردگی
٭حلال وحرام کی اہمیت قرآن وسنت کی روشنی میں
٭مشکوک اجزائے ترکیبی
٭اسباب حرمت
٭ذبیحہ کا اسلامی طریقہ کار
٭حلت و حرمت سے متعلق اہم اصولی احکام
٭PS:3733
٭گلوبل حلال مینجمنٹ سسٹم
٭حلال سرٹیفکیشن سسٹم
٭PS: 4992
٭حلال آڈیٹر کا کردار اور ذمہ داریاں
٭فوڈ سیفٹی اینڈ کوالٹی کنٹرول قرآن وسنت کی روشنی میں
٭ پاکستان حلال کاسمیٹک سٹینڈرڈ
٭ حلال آڈٹ کے قابل غور پہلوؤں کی نشاندہی
٭کاروباری اداروں کی سماجی ذمہ داریاں
کورس کا دورانیہ
یہ کورس تین ہفتوں تک، ہفتے میں دو دن بروز ہفتہ اور اتوار منعقد ہوتا رہا، جبکہ ہر کلاس تقریباً 8گھنٹوں پر مشتمل تھی، یعنی کورس کا کل دورانیہ 48گھنٹوں پر مشتمل تھا۔
کورس کا آغاز و اختتام
11اکتوبر کو اس کور س کا افتتاح ہوا،یہ26 اکتوبر 2014ء کومکمل ہوا۔
امتحانی تاریخ
16نومبر 2014کو تمام شریک کورس کا تحریری امتحان ہوا۔
تقسیم اسناد
تحریری امتحان کا رزلٹ آؤٹ ہونے کے بعد یونیورسٹی کے وائس چانسلر، فیکلٹی ڈین، ڈیپارٹمنٹ کے چیئرپرسن اور دیگر معززین کے ہاتھوںکامیاب امیدواروںکو ایک پر وقار تقریب میں ’’حلال لیڈ آڈیٹر ‘‘ سر ٹیفکیٹ دیے جائیں گے۔ ان شاء اللہ! ان تمام تر کوششوں کا ایک ہی مقصد ہے کہ وطن عزیز کے ہر فرد کو سو فیصد حلال مصنوعات میسر آ سکیں۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اخلاص عطا فرمائے اور ان سب کوششوں کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے، آمین!